Search form

متّی 3

یُوحنّا بپتسِمہ دینے والے کی مُنادی

(مرقس ۱‏:۱‏-۸؛ لُوقا ۳‏:۱‏-۱۸؛ یُوحنّا ۱: ۱۹‏-۲۸)

1اُن دِنوں میں یُوحنّا بپتِسمہ دینے والا آیا اور یہُودیہ کے بیابان میں یہ مُنادی کرنے لگا کہ۔ 2تَوبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہی نزدِیک آ گئی ہے۔ 3یہ وُہی ہے جِس کا ذکر یسعیا ہ نبی کی معرفت یُوں ہُؤا کہ

بیابان میں پُکارنے والے کی آواز آتی ہے کہ

خُداوند کی راہ تیّار کرو ۔

اُس کے راستے سِیدھے بناؤ۔

4یہ یُوحنّا اُونٹ کے بالوں کی پوشاک پہنے اور چمڑے کا پٹکااپنی کمر سے باندھے رہتا تھا اور اِس کی خوراک ٹِڈّیاں اورجنگلی شہد تھا۔ 5اُس وقت یروشلیِم اور سارے یہُودیہ اور یَردن کے گِردو نواح کے سب لوگ نِکل کر اُس کے پاس گئے۔ 6اور اپنے گُناہوں کا اِقرار کر کے دریایِ یَردن میں اُس سے بپتِسمہ لِیا۔

7مگر جب اُس نے بُہت سے فرِیسیِوں اور صدُوقِیوں کوبپتِسمہ کے لِئے اپنے پاس آتے دیکھا تو اُن سے کہا کہ اَے سانپ کے بچّو! تُم کو کِس نے جتا دِیا کہ آنے والے غضب سے بھاگو؟۔ 8پس تَوبہ کے موافِق پَھل لاؤ۔ 9اور اپنے دِلوں میں یہ کہنے کا خیال نہ کرو کہ ابرہا م ہمارا باپ ہے کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ خُدا اِن پتّھروں سے ابرہا م کے لِئے اَولاد پَیدا کر سکتاہے۔ 10اور اب درختوں کی جڑ پر کُلہاڑا رکھّا ہُؤا ہے ۔ پس جو درخت اچّھا پَھل نہیں لاتا وہ کاٹا اور آگ میں ڈالاجاتا ہے۔ 11مَیں تو تُم کو تَوبہ کے لِئے پانی سے بپتِسمہ دیتا ہُوں لیکن جو میرے بعد آتا ہے وہ مُجھ سے زورآور ہے ۔ مَیں اُس کی جُوتِیاں اُٹھانے کے لائِق نہیں ۔ وہ تُم کورُوحُ القُدس اور آگ سے بپتِسمہ دے گا۔ 12اُس کاچھاج اُس کے ہاتھ میں ہے اور وہ اپنے کھلیہان کو خُوب صاف کرے گا اور اپنے گیہُوں کو تو کھتّے میں جمع کرے گا مگر بُھوسی کو اُس آگ میں جلائے گاجوبُجھنے کی نہیں۔

یِسُوع کا بپتسِمہ

(مرقس ۱‏:۱۱‏-۱۹؛ لُوقا ۳‏:۲۱‏-۲۲)

13اُس وقت یِسُو ع گلِیل سے یَردن کے کنارے یُوحنّا کے پاس اُس سے بپتِسمہ لینے آیا۔ 14مگر یُوحنّا یہ کہہ کر اُسے منع کرنے لگا کہ مَیں آپ تُجھ سے بپتِسمہ لینے کا مُحتاج ہُوں اور تُو میرے پاس آیا ہے؟۔

15یِسُو ع نے جواب میں اُس سے کہا اب تُو ہونے ہی دے کیونکہ ہمیں اِسی طرح ساری راستبازی پُوری کرنا مُناسِب ہے ۔ اِس پر اُس نے ہونے دِیا۔

16اور یِسُو ع بپتِسمہ لے کر فی الفَور پانی کے پاس سے اُوپر گیا اور دیکھو اُس کے لِئے آسمان کُھل گیااور اُس نے خُدا کے رُوح کو کبُوتر کی مانِند اُترتے اور اپنے اُوپر آتے دیکھا ۔ 17اور دیکھو آسمان سے یہ آواز آئی کہ یہ میرا پیارا بیٹا ہے جِس سے مَیں خُوش ہُوں۔

Revised Urdu Bible

© 2010 Pakistan Bible Society

More Info | Version Index